صاحبزادہ سلطان! کھیل، قیادت اور قومی وقار کی ایک روشن مثال
چند شخصیات ایسی ہوتی ہیں جو نہ صرف اپنی کارکردگی بلکہ اپنی بصیرت، قیادت اور خلوصِ نیت کے باعث ایک مثال بن جاتی ہیں۔ صاحبزادہ سلطان انہی ممتاز شخصیات میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے موٹر اسپورٹس سمیت مختلف کھیلوں، خصوصاً نیزہ بازی (Tent Pegging)، کے میدان میں پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا۔
بطور صدر، ایکویسٹرین فیڈریشن آف پاکستان، آپ کا دور کئی حوالوں سے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ آپ کی قیادت میں پاکستان نے بین الاقوامی مقابلوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کیں، جن میں ورلڈ کپ کوالیفائرز کی میزبانی، ورلڈ کپ میں شاندار کارکردگی اور عالمی سطح پر پاکستان کی مضبوط موجودگی شامل ہے۔ آپ کی کاوشوں سے نہ صرف پاکستان میں پہلی مرتبہ ہارس بیک آرچری کا باقاعدہ آغاز ہوا بلکہ اس کے ورلڈ کپ کوالیفائرز کی میزبانی بھی پاکستان کے حصے میں آئی۔ مزید برآں، پہلی بار خواتین کی نیزہ بازی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے عالمی سطح پر شرکت کر کے ایک نئے باب کا آغاز کیا۔

صاحبزادہ سلطان کی نمایاں ترین خصوصیت ان کی وژنری قیادت ہے۔ آپ نے نہ صرف کھیل کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کیے بلکہ کوچز اور ججز کی تربیت کے کورسز کا انعقاد کر کے اس کھیل کیلئے ایک مضبوط بنیاد بھی فراہم کی۔ بین الاقوامی سطح پر بھی آپ کی خدمات کو بے حد سراہا گیا، اور آپ کو انٹرنیشنل ٹینٹ پیگنگ فیڈریشن (ITPF) کا ایگزیکٹو بورڈ ممبر اور بعد ازاں نائب صدر (میڈیا و مارکیٹنگ) منتخب کیا گیا، جو پاکستان کیلئے ایک قابلِ فخر اعزاز ہے۔
آپ کی شخصیت کا ایک نمایاں پہلو عاجزی، شکرگزاری اور اپنے وطن سے محبت ہے۔ آپ ہمیشہ اپنی کامیابیوں کا سہرا اللہ تعالیٰ کے فضل، اپنے ساتھیوں کی حمایت اور پاکستان کی نمائندگی کے جذبے کو دیتے ہیں۔ یہی اوصاف آپ کو ایک حقیقی رہنما بناتے ہیں، جو نہ صرف خود کامیاب ہوتا ہے بلکہ دوسروں کیلئے بھی راستے ہموار کرتا ہے۔
آج صاحبزادہ سلطان محض ایک کھلاڑی یا منتظم نہیں بلکہ ایک نظریہ، ایک تحریک اور ایسی قیادت کی علامت ہیں جو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اور کھیلوں کو نئی بلندیوں تک لے جانے کیلئے پُرعزم ہے۔

